ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر کے ستارا میں قابل اعتراض پوسٹ کے نام پر تشدد،عبادتگاہوں پر حملہ، ایک نوجوان ہلاک، متعدد زخمی، ، کئی مکانات نذر آتش

مہاراشٹر کے ستارا میں قابل اعتراض پوسٹ کے نام پر تشدد،عبادتگاہوں پر حملہ، ایک نوجوان ہلاک، متعدد زخمی، ، کئی مکانات نذر آتش

Tue, 12 Sep 2023 12:08:40    S.O. News Service

ممبئی، 12/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) ریاست مہاراشٹرا میں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ کے نام پر تشدد  کی واردات  پیش آئی  ہے۔ جس میں ایک نوجوان جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتوار کی رات ستارا ضلع کے کھٹائو تعلقہ  میں کسی تاریخی شخصیت کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ ڈالنے پر تشدد بھڑک اٹھا جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ متعدد  افراد زخمی ہیں، بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے۔ 

  اطلاع کے مطابق ستارا کے کھٹائو تعلقہ میں واقع پوسیس والی گائوں میں کسی نے اتوار کو کوئی قابل اعتراض پوسٹ وہاٹس ایپ پر ڈالا جس کے تعلق سے مشہور کر دیا گیا کہ یہ ایک مخصوص طبقے کی جانب سے کیا گیاہے۔ اس کےبعد لوگ باہر نکل آئے اور انہوں نے توڑ پھوڑ شروع کر دی۔  مکانات اور خاص کر عبادتگاہوں کو نشانہ  بنایا جانے لگا۔ اس تشدد میں ایک شخص کی موت ہو گئی جس سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔    مہلوک نور حسن شکال گار (۳۰)  کے اہل خانہ نے اس کی لاش لینے سے انکار  کر دیا۔ ان کا مطالبہ تھا  کہ پہلے وکرم پاوسکر کو گرفتار کیا جائے اس کی وجہ سے یہ سارا فساد پھیلا ہے۔  اطلاع کے مطابق گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا کی کسی پوسٹ کے تعلق سے گائوں میں کشیدگی تھی۔ پولیس نے حالات کو قابو میں کر رکھا تھا۔ لیکن اتوار کو سیکڑوں کی تعداد میں شر پسند بھاجی مارکیٹ میں جمع ہوئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ کئی مکانات کو آگ لگا دی گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس پوسٹ کو فساد کا بہانہ بنایا جا رہا ہے دراصل اس میں کوئی ایسی بات نہیں ہے۔ مقامی صحافیوں نے بھی اسے غلط فہمی کی بنا پر پھیلا تشدد قرار دیا ہے۔  

  اس دوران ستارا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیر شیخ اور ضلع کلکٹر جتیندر ڈوڈی نے  ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں، نیز سوشل میڈیا پر منافرت آمیز پوسٹ ڈالنے سے گریز کریں۔   ساتھ ہی اگر کوئی ماحول خراب کرنے کی کوشش کرے تو اسکی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ 

  واضح رہے کہ ایس پی سمیر شیخ نے  خود اپنی فورس کے ساتھ پوسیس والی گائوں   میں ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔ بڑی تعداد میں پولیس فورس جگہ جگہ تعینات کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں ہیں۔ ساتھ ہی پولیس نے ۱۰۰؍ سے زائدنا معلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق چھترپتی شیواجی کے خاندان سے تعلق رکھنے والے ادین راجے بھوسلے  خود کھٹائو تعلقہ پہنچے اور انہوں نے دونوں ہی طبقات کے سرکردہ لوگوں سے گفتگو کی اور امن وامان قائم رکھنے کی اپیل کی۔ زخمیوں کی تعداد واضح نہیں ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق ۸؍ زخمی ہیں تو بعض نے ۱۴؍ زخمی بتائے ہیں۔ 


Share: